کورونا وائرس کی باعزت ’بریت‘

آخر وہی ہؤا جس کا ڈر تھا ۔ ان گنت مالی اور جانی نقصان کرنے اور مزید کرنے کی ہٹ دھرمی پر قائم ’’کورونا‘‘ نامی بد نام زمانہ مجرم کو نا صرف شک کا فائدہ دیتے ہوئے ’’وبائی‘‘ ہونے کے تمام الزامات سے بری کر دیا گیا، بلکہ اس کے لوگوں سے آزادانہ میل جیل کو بھی یقینی بنانے کا فیصلہ جاری کیا گیا ۔

اس سنگین کیس میں ملزم کو دندناتے پھرتے دیکھنے کے منتظر صرف وکیل استغاثہ اور وکیل صفائی ہی نہیں تھے، بلکہ انتظار کی گھڑیاں ان ’’ کرونا ورونا کچھ نہیں ہے‘‘ والوں کے لئے بھی تمام ہوئیں۔ اب ’’ایسے‘‘ نا صرف مجرم سے سرعام بغل گیر ہو سکتے ہیں بلکہ انہیں اپنے ٹھکانوں میں لے جا کر ان کی مہمان نوازی کرنے کا ارمان بھی پورا کر سکتے ہیں ۔ مجرم کو ’’نقص صحت‘‘ کے خدشے کے تحت پابند سلاسل میں رکھنے کے طلب گاروں  نے فیصلہ آنے سے قبل گاہے بگاہے اپنے خدشات کو درخواستوں میں ڈھالا ، غدر پیش کیا  کہ چونکہ مجرم کے رویے پر قابو نہیں پایا جا سکا ، مت آزاد کریں ورنہ یہ مزید بے قابو ہوجائے گا ۔۔۔

پر حضور کا اقبال بلند ہو ، انہوں نے درخواست رد کر کے آزادی کے پروانے میں توجیح پیش کی کہ مجرم کے بڑے مالز میں میل جول کی ممانعت اور چھوٹی مارکیٹوں میں دو ایام کی جبراً بندش تو دراصل اس ’’بے قابو‘‘ کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ انصاف کا جھولا اس دلیل پر مزید جھولایا گیا کہ اگر ملزم کورونا کے "حسن" سے بغض رکھنے والے زیب وآرائش کی شدبد نہیں رکھتے تو ان کی اس بدذوقی کی سزا ’’حامین وبا‘‘ کو بھی نہیں ملنی چاہیے ۔

خیر جس فیصلے کے ہم مستحق تھے ، وہ ہمیں نصیب بھی ہو گیا ۔ جن کو تحفضات ہیں ان کے لئے بہتر ہے کہ ’’اجتماعی کرتوتوں‘‘ کی وجہ سے تقدیر کا لکھا یہ فیصلہ بھی ہنسی خوشی قبول کرلیں  ۔ اگر خود کی دل جوئی کرنے کے لئے سامان مقصود ہے تو فیصلہ کھنگالیے، یہ خوشنما نظارہ آنکھوں کے سامنے آئے گا۔ مجرم وائرس کی کرامات کی بدولت ملک کے  تین بھائیوں  کے درمیان نا صرف بھرپور اتفاق ہے ، بلکہ حصول برکت  کے لئے ’اب بھوک سے نہیں بلکہ کورونا سے مرنا ہے‘ جیسا عہد پیماں  کا بھی معیاری بندوبست کیا گیا ہے ۔

اس فیصلے سے مسرور ہونے والوں کے تو یقیناً کلیجوں میں ٹھنڈ پڑ گئی ہو گی جن کی بازاروں میں بھاگ دوڑ کی وجہ یہ خدشہ تھا کہ کہیں حالیہ تبدیلیوں کے بعد جنم لینے والی اس نئی دنیا میں انہیں ستر پوشی کے لوازمات پورے کرنے کے لئے بابا آدم اور اماں حوا کے متروک طریقوں سے ہی استفادہ نہ کرنا پڑے۔ ان لوگوں کو محفوظ راستہ دکھانے والوں کو تو اب تعلیمی اداروں کے قفل کھولنے کے احکمات بھی صادر کرنے چاہیں کہ کہیں بھوکوں کی بھوک مٹتے دیکھ کر ، پیاسوں کو زر کے عوض پانی پلانے والے ہی پیاس سے نہ مرجائیں ۔

آخر میں عرضی لکھنے کی تاویل  کی طرف آؤں تو بنیادی مقصد تو اس فیصلے پر جشن منانے والوں کو مبارک باد دینا تھا ۔ 

loading...