لانگ مارچ کے نام پر غنڈہ گردی برداشت نہیں ہوگی: وزیر داخلہ

  • سوموار 23 / مئ / 2022

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے نام پر جتھے اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شرافت کے دائرے سے جو نکلے گا، قانون اسے شرافت کے دائرے میں واپس لائے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والا مارچ کا اعلان کرکے معیشت کی بحالی روکنے نکلا ہے۔ اس پلان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جتھے اور غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کی زبان اور خمیر میں انتشار اورفساد ہے، وہ پرامن نہیں رہ سکتے۔  عمران خان نے 2014 میں 126 دن غنڈہ گردی کی، پارلیمنٹ سمیت سرکاری عمارتوں پر حملے ہوئے اور عدلیہ کی دیواروں پر شلواریں لٹکائیں گئیں، قبریں کھودی گئیں۔ اس بار اگر عمران نیازی نے جمہوریت کا گورکن بننے کی کوشش کی تو قانون ان سے نمٹے گا۔

اس دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمران خان اگر قانون ہاتھ میں لیں گے تو پھر قانون حرکت میں آئے گا۔ ان کے مطابق عمران خان کی گزشتہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کر گئی ہے، جو عوام دشمن بھی ہے اور غریب دشمن بھی ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ دوحہ میں جاری مذاکرات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل کر سکیں۔ احسن اقبال کے مطابق ہماری خواہش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

loading...